پاکستان کی فضائی کارروائی کے بعد افغانستان میں متاثرہ مقامات تک میڈیا کی رسائی محدود، شفافیت پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
کابل: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان کی جانب سے مبینہ طور پر افغانستان میں دہشتگرد ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کے بعد متاثرہ علاقوں تک میڈیا کی رسائی محدود کر دی گئی ہے۔ یہ اقدام مصدقہ انٹیلی جنس اطلاعات کے تحت پاکستانی فضائی کارروائی کے بعد اٹھایا گیا، جس میں پکتیکا، خوست اور ننگرہار کے سرحدی علاقوں میں موجود ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔
افغان میڈیا کو ان علاقوں تک مکمل رسائی نہیں ملی اور صرف ایک مقام کی محدود فوٹیج جاری کی گئی، جس سے شفافیت پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔ مقامی رہائشیوں کے مطابق حملوں کے بعد علاقوں کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے اور صحافیوں کی رسائی کی درخواستیں مسترد کر دی گئی ہیں۔
دفاعی و علاقائی امور کے ماہرین کا کہنا ہے کہ میڈیا کی رسائی محدود رکھنے سے زمینی حقائق کو چھپانے کا تاثر مل سکتا ہے، جو شفافیت پر سوالیہ نشان ہے۔ ماہرین کے مطابق، خطے میں دہشتگردی کے خاتمے کے لیے باہمی تعاون اور حقائق تک آزادانہ رسائی ضروری ہے۔













