بھارت نے ایران میں موجود تمام بھارتی شہریوں کو فوری طور پر واپس آنے کی ہدایت کی ہے، سیکورٹی صورتحال کے پیش نظر یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔
نئی دہلی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) بھارت نے اپنے شہریوں کو ایران سے فوری واپسی کی ہدایت جاری کی ہے۔ بھارت کی وزارت خارجہ نے ایران میں موجود تمام بھارتی شہریوں، بشمول طلباء، مسافر، تجارتی افراد اور مذہبی زائرین کو فوری طور پر وطن واپس آنے کا کہا ہے۔
وزارت خارجہ نے بیان میں کہا کہ موجودہ سیکورٹی صورتحال کے پیش نظر یہ ہدایت دی گئی ہے۔ بھارت نے شہریوں کو دستیاب نقل و حمل کے ذرائع بشمول تجارتی پروازوں کے ذریعے ایران چھوڑنے کی تاکید کی ہے۔
ایران میں بھارتی سفارتخانے نے شہریوں کو احتیاط برتنے، مظاہروں سے دور رہنے اور مقامی میڈیا پر نظر رکھنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ سفارتخانہ نے شہریوں کو پاسپورٹ اور شناختی دستاویزات ساتھ رکھنے کی بھی تاکید کی ہے۔
بھارت کے اندازے کے مطابق اس وقت تقریباً دس ہزار بھارتی شہری ایران میں موجود ہیں، جنہیں واپس بلایا جا رہا ہے۔












