بھارتی فضائیہ نے پے در پے حادثات کے بعد تیجس لڑاکا طیارے عارضی طور پر گراؤنڈ کر دیے ہیں اور ان کی تکنیکی جانچ جاری ہے۔
نئی دہلی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) بھارتی فضائیہ نے مقامی ساختہ تیجس لڑاکا طیاروں کے پے در پے حادثات کے بعد تمام تیجس طیاروں کو گراؤنڈ کر دیا ہے۔ 7 فروری کو پیش آنے والے حادثے کے بعد 35 تیجس لڑاکا طیاروں کے پورے بیڑے کو عارضی طور پر گراؤنڈ کیا گیا ہے اور ان کی تکنیکی جانچ جاری ہے۔
حادثے کی حتمی وجہ تاحال سامنے نہیں آ سکی، جس کے باعث فضائیہ نے تمام طیاروں کی مکمل جانچ کا حکم دیا ہے۔ ان معائنوں میں لینڈنگ گیئر کی دھاتوں کا تجزیہ، الیکٹرو میگنیٹک بریکنگ سسٹم اور آن بورڈ سافٹ ویئر کی جانچ شامل ہے۔
7 فروری کو ہونے والے حادثے میں سنگل سیٹ طیارے کے پائلٹ کو چوٹیں آئیں تاہم وہ محفوظ رہا۔ حادثے کا شکار طیارے کو شدید نقصان پہنچا ہے اور اسے ناقابلِ استعمال قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ 2016 میں تیجس کی بھارتی فضائیہ میں شمولیت کے بعد تیسرا بڑا حادثہ ہے۔ پہلا حادثہ مارچ 2024 میں جیسلمیر کے قریب ہوا جبکہ دوسرا نومبر 2025 میں دبئی ایئر شو کے دوران پیش آیا۔
بھارتی طیارہ ساز کمپنی ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ نے 7 فروری کے واقعے کو حادثہ قرار دینے کے بجائے معمولی تکنیکی خرابی بتایا ہے اور جلدی حل کے لئے بھارتی فضائیہ کے ساتھ رابطے میں ہے۔












