وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مفت ایمبولینس سروس کی منظوری دی، میت کو اسپتال سے گھر منتقل کرنے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے میت کو اسپتال سے گھر پہنچانے کے لیے مفت ایمبولینس سروس کی منظوری دی ہے۔
وزیراعلیٰ کی زیرصدارت خصوصی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ میت کو دوسرے شہر منتقل کرنے کی سہولت مفت فراہم کی جائے گی۔ اجلاس میں سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے بریفنگ دی۔
پنجاب کی ہر تحصیل میں کم از کم ایک وین میسر ہوگی جو مرحوم کے اہلخانہ 1122 پر کال کرکے یا اسپتال کاؤنٹر سے حاصل کی جا سکے گی۔ اس سروس کی اسمارٹ مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے نگرانی کی جائے گی۔
بڑے سرکاری اسپتالوں اور ہر تحصیل میں سرکاری وہیکل سروس شروع کرنے کا پلان طلب کر لیا گیا ہے۔ اجلاس میں پرائیویٹ ایمبولینس سروسز کے ریٹ مقرر کرنے اور انہیں ریگولائز کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔














