اسلام آباد میں موٹر سائیکلوں پر ایم ٹیگنگ شروع، قیمت 250 روپے مقرر۔ شہری فوری ٹیگ لگوا کر قانونی کارروائی سے بچیں۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے دارالحکومت میں سیکیورٹی اور ڈیجیٹل نگرانی کو بہتر بنانے کے لیے موٹر سائیکلوں کی ڈیجیٹل ٹیگنگ کا آغاز کیا ہے۔ یہ عمل 20 فروری سے شروع ہوا ہے۔
حکام کے مطابق اس اقدام سے شہر میں چلنے والی موٹر سائیکلوں کا مکمل ریکارڈ دستیاب ہو سکے گا، جس سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فوری شناخت اور ٹریکنگ میں سہولت ملے گی۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے اپنی موٹر سائیکلوں پر ایم ٹیگ لگوانے کو یقینی بنائیں اور متعلقہ حکام کے ساتھ تعاون کریں۔
رجسٹریشن کے لیے شہریوں کو اپنی موٹر سائیکل کے کاغذات اور اصل شناختی کارڈ لے جانا ہوگا، جہاں چند منٹ میں ٹیگ جاری کر کے موٹر سائیکل پر لگا دیا جائے گا۔ ٹیگ کی قیمت 250 روپے مقرر کی گئی ہے۔
اسلام آباد کے مختلف مقامات پر ایم ٹیگ لگانے کی سہولت دی گئی ہے، جن میں جناح پارک ایف نائن، گلبرگ گرین، ملپور، فیض آباد، گندم گودام نزد تھانہ سبزی منڈی، دامنِ کوہ، ٹیولپ ہوٹل، روات ٹی کراس، نائنتھ ایونیو اور مارگلہ ایونیو شامل ہیں۔














