پاکستان نے افغانستان میں 7 مقامات پر کارروائی کرتے ہوئے 70 کے قریب دہشتگرد ہلاک کیے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشتگردی کی جڑیں افغانستان میں ہیں۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ افغانستان میں دہشت گردوں کے خلاف پاکستانی کارروائیوں میں 70 کے قریب دہشتگرد مارے گئے ہیں۔
طلال چوہدری نے جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ ہمسایوں سے بہتر تعلقات کی کوشش کی ہے، لیکن افغانستان سے دہشت گردی کی ایکسپورٹ ہو رہی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان اپنے عوام کے تحفظ کے لیے کارروائیاں کر رہا ہے، اور اب تک 70 ہزار انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے جا چکے ہیں جن میں کئی دہشتگرد گرفتار یا ہلاک ہوئے ہیں۔
وزارت اطلاعات کے مطابق حالیہ خودکش حملوں کے پیچھے افغانستان میں موجود دہشتگرد قیادت ملوث ہے۔ پاکستان نے ان حملوں کے جواب میں افغانستان میں 7 مقامات پر کارروائیاں کیں۔
طلال چوہدری نے کہا کہ دوحہ معاہدے کے باوجود افغانستان اپنی سرزمین دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکنے میں ناکام رہا ہے۔














