نادرا کی رپورٹ کے مطابق 22 کروڑ 70 لاکھ شہری رجسٹرڈ ہیں جبکہ بچوں کی رجسٹریشن میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) نادرا نے وزارت داخلہ کو اپنی رپورٹ جمع کرائی ہے جس کے مطابق نادرا کے ڈیٹا بیس میں 22 کروڑ 70 لاکھ شہری رجسٹرڈ ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 3 کروڑ 19 لاکھ بچوں کی پیدائش یونین کونسلز میں درج ہے، جن میں سے ابھی نادرا سے رجسٹرڈ نہیں ہوئے۔ پاکستان کی 97 فیصد آبادی سرکاری طور پر رجسٹرڈ ہے، جس میں 52 فیصد مرد اور 48 فیصد خواتین شامل ہیں۔
نادرا کے بائیومیٹرک ڈیٹا میں 17 کروڑ افراد کے چہروں کی شناخت، 70 لاکھ افراد کی آنکھوں کا ڈیٹا اور 1 ارب 68 کروڑ فنگر پرنٹس شامل ہیں۔ سال 2025 میں 24 کروڑ 50 لاکھ بائیو میٹرک ویریفیکیشنز فراہم کی گئیں۔
رپورٹ کے مطابق قومی رجسٹریشن میں 4 فیصد، 18 سال سے کم عمر بچوں کی رجسٹریشن میں 11 فیصد، ایکسپائرڈ شناختی کارڈ کی تجدید میں 24 فیصد اور اموات کے بعد شناختی کارڈ منسوخی میں 900 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ خواتین کی رجسٹریشن میں بھی 8 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔














