افغانستان میں 40 لاکھ بچوں کو شدید غذائی قلت کا سامنا ہے، اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ فنڈز کی کمی کے باعث امدادی کوششیں متاثر ہو رہی ہیں۔
کابل: (رائیٹ ناوٴ نیوز) افغانستان میں 40 لاکھ بچے شدید غذائی قلت کا شکار ہیں اور خوراک و طبی سہولیات کی کمی سے متاثر ہو رہے ہیں۔ اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام نے خبردار کیا ہے کہ ملک میں جاری انسانی بحران کے باعث صورتحال بگڑتی جا رہی ہے۔
اقوام متحدہ کے ادارے کے مطابق فنڈز کی کمی کے سبب لاکھوں بچوں کو امداد فراہم نہیں ہو سکی۔ مزید برآں، تقریباً 17.4 ملین افراد کی بنیادی ضروریات پوری کرنا مشکل ہو گیا ہے۔
دور دراز علاقوں میں رہنے والے خاندان شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں اور کئی بیمار بچے طبی مراکز تک پہنچنے سے قاصر ہیں۔ امدادی اداروں نے عالمی برادری سے فوری مالی معاونت کی اپیل کی ہے تاکہ بچوں کی زندگیاں بچائی جا سکیں۔
ماہرین نے افغانستان کے معاشی اور انتظامی بحران کو عوام کی مشکلات میں اضافے کا سبب قرار دیا ہے اور بین الاقوامی ادارے بھی وسائل کی کمی اور بدانتظامی کی نشاندہی کر چکے ہیں۔












