وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ روس کے دوران ماسکو میں سفارتی و میڈیا فورم منعقد ہوگا، جس میں دونوں ممالک کے تعلقات پر بات چیت کی جائے گی۔
ماسکو: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے 3 تا 5 مارچ 2026 کے سرکاری دورہ ماسکو کے موقع پر ‘میڈیا فورم ماسکو، اسلام آباد’ کے عنوان سے ایک اہم تقریب منعقد کی جائے گی۔ اس فورم میں روس اور پاکستان کے سفارتکار، ماہرینِ بین الاقوامی امور، دانشور اور صحافی شرکت کریں گے۔
یہ فورم ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب عالمی سیاسی و سفارتی نظام میں تیزی سے تبدیلیاں آ رہی ہیں۔ روس اور پاکستان کے بڑھتے ہوئے روابط اس بدلتے تناظر میں اہمیت اختیار کر چکے ہیں۔ ماسکو میں روسی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماریہ زخارووا اور دیگر ممتاز شخصیات شرکت کریں گی۔
اسلام آباد کی نشست میں مشاہد حسین سید، روسی سفیر البرٹ خورِیف اور دیگر ماہرین شامل ہوں گے۔ فورم کے دوران روس اور پاکستان کے تعلقات کی موجودہ صورتحال اور مستقبل کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ پارلیمانی روابط، دفاعی تعاون اور میڈیا شراکت داری میں اضافہ ہوا ہے، اس فورم کا مقصد ان روابط کو مستحکم بنانا ہے۔ تقریب میں شرکت صرف پیشگی ایکریڈیٹیشن کے ذریعے ممکن ہوگی۔














