پاکستان ہاکی ٹیم کے کوچز نے ایڈہاک صدر محی الدین وانی سے ملاقات کے بعد عہدے چھوڑ دیے اور نئی مینجمنٹ کی تلاش جاری ہے۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ایڈہاک صدر محی الدین وانی سے پاکستان ہاکی ٹیم کے کوچز نے ملاقات کی جس میں ٹیم کے ہیڈ کوچ طاہر زمان کی سربراہی میں مینجمنٹ نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
محی الدین وانی نے ٹیم مینجمنٹ کو قومی ہاکی ٹیم کے کیمپ کی نگرانی کی پیشکش کی تھی، تاہم ہیڈ کوچ طاہر زمان اور دیگر کوچز نے ذمہ داریاں جاری رکھنے سے معذرت کی۔ اب قومی ہاکی ٹیم ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ نئی مینجمنٹ کے تحت کھیلے گی۔
ملاقات میں ٹیم منیجمنٹ نے ایڈہاک صدر کو قومی ہاکی ٹیم کی کارکردگی پر بریفنگ دی۔ ارجنٹائن، آسٹریلیا اور بنگلہ دیش کے دورہ میں ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ پی ایچ ایف اور ہاکی ٹیم کو درپیش چیلنجز، انتظامی مسائل اور دیگر امور پر بھی غور کیا گیا۔















