لکی مروت میں پولیس نے 40 کلو بارودی مواد پر مشتمل ریموٹ کنٹرول بم ناکارہ بنا دیا، عوام کو نشانہ بنانے کا منصوبہ ناکام۔
لکی مروت: (رائیٹ ناوٴ نیوز) لکی مروت میں پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ایک بڑا دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ پولیس کے مطابق میانوالی شاہراہ پر نالہ پل کے قریب 40 کلو بارودی مواد پر مشتمل ریموٹ کنٹرول بم ناکارہ بنا دیا گیا۔ یہ کارروائی پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے مشترکہ طور پر کی۔ حکام نے بتایا کہ شرپسندوں نے بم عوام کو نشانہ بنانے کے لیے انتہائی اہم جگہ نصب کیا تھا، اس مقام کے بالمقابل اسکولز اور سرحد انسٹیٹیوٹ آف ریسرچ واقع ہیں۔
آئی جی پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے لکی مروت پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کو شاباش دی جبکہ اہل علاقہ نے بھی پولیس کو خراج تحسین پیش کیا۔ آئی جی ذوالفقار حمید نے کہا کہ فرض کی راہ میں جان ہتھیلی پر رکھ کر معصوموں کی جان بچانے والے اصل ہیروز ہیں۔
ڈی پی او لکی مروت نذیر خان کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ نالہ پل لکی میانوالی روڈ پر شرپسند عناصر نے بم نصب کر رکھا ہے، جس پر تھانہ سٹی پولیس لکی مروت نے فوری کارروائی کرتے ہوئے علاقے کی ناکابندی کی۔ پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے جدید آلات کے ذریعے دیسی ساختہ ریموٹ کنٹرول بم ناکارہ بنا دیا۔ حکام کے مطابق بم ایک ڈرم میں بنایا گیا تھا جس میں 40 کلو سے زائد بارودی مواد استعمال کیا گیا تھا۔














