پیر کو اسرائیلی پولیس نے مسجد اقصیٰ کے امام شیخ محمد العباسی کو گرفتار کر لیا، جس کی کوئی باضابطہ وجہ نہیں بتائی گئی۔
یروشلم: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اسرائیلی پولیس نے مقبوضہ یروشلم میں مسجد اقصیٰ کے امام شیخ محمد العباسی کو پیر کی شام مسجد کے صحن سے گرفتار کر لیا، گرفتاری کی کوئی باضابطہ وجہ نہیں بتائی گئی۔
حالیہ دنوں میں مسجد اقصیٰ میں ائمہ، خطبا اور نمازیوں پر پابندیاں سخت کی گئی ہیں۔ نمازیوں کے داخلے پر قدغنیں اور آبادکار گروپوں کے داخلوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
حماس نے شیخ محمد العباسی کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں مسجد میں داخلے پر پابندی کا حکم دیا گیا ہے جو مسجد اقصیٰ کے معاملات میں مداخلت ہے۔ تنظیم نے عرب لیگ اور اسلامی تعاون تنظیم سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔
اسرائیلی پولیس نے اعلان کیا ہے کہ رمضان کے دوران مسجد اقصیٰ کے اطراف سیکیورٹی بڑھائی جائے گی۔ فلسطینی حکام نے الزام لگایا کہ مقدس مقام پر عبادت کی آزادی محدود کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ مشرقی یروشلم 1967 سے اسرائیلی قبضے میں ہے اور مسجد اقصیٰ مسلمانوں کا تیسرا مقدس ترین مقام سمجھا جاتا ہے، جہاں رمضان میں لاکھوں افراد نماز ادا کرتے ہیں۔














