سعودی عرب اور خلیجی ممالک میں آج رمضان کا آغاز ہوا جبکہ پاکستان میں پہلا روزہ 19 فروری کو ہونے کا امکان ہے۔
ریاض: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سعودی عرب سمیت کئی خلیجی ممالک میں آج رمضان المبارک کا پہلا روزہ رکھا جا رہا ہے۔ سعودی شاہی دیوان نے 1447 ہجری کے رمضان المبارک کے چاند کی رویت کا باضابطہ اعلان کیا ہے۔
متحدہ عرب امارات، قطر اور دیگر خلیجی ممالک میں بھی پہلا روزہ آج سے شروع ہوچکا ہے۔ ان ممالک میں سرکاری اور نجی اداروں کے اوقات کار رمضان کے مطابق تبدیل کیے گئے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے قطر کے امیر سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور رمضان کی مبارکباد دی۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور قطر کے تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
امریکا، فرانس، جاپان اور دیگر ممالک میں بھی مسلمان کمیونٹیز نے روزے رکھنا شروع کر دیے ہیں، جبکہ ملائیشیا، سنگاپور، عراق اور برونائی میں پہلا روزہ 19 فروری سے ہوگا۔
پاکستان میں پہلا روزہ جمعرات کو ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق چاند آج نظر آ سکتا ہے، تاہم حتمی اعلان رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔











