احسن اقبال نے ڈھاکہ میں بنگلادیشی اپوزیشن لیڈر سے ملاقات کی اور دو طرفہ شراکت داری پر زور دیا۔
ڈھاکہ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے ڈھاکہ کے سرکاری دورے کے دوران بنگلادیش میں اپوزیشن لیڈر جماعت اسلامی کے امیر ڈاکٹر شفیق الرحمان سے ملاقات کی اور دونوں ملکوں کے درمیان سماجی، معاشی اور سیاسی شعبوں میں باہمی شراکت داری کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے بنگلادیش کے لیے پاکستان کی غیر جانبدارانہ حمایت کا یقین دلایا اور وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا۔
احسن اقبال نے اپنے زمانہ طالب علمی کے دور کی قیادت کو بھی یاد کیا جب وہ یو ای ٹی لاہور میں اسلامی جمعیت طلبہ سے وابستہ تھے۔ انہوں نے بنگلادیشی عوام کی پاکستان کے لیے محبت اور گرمجوشی کو قابل تحسین قرار دیا۔
اس سے قبل احسن اقبال نے ڈھاکہ میں نومنتخب بنگلادیشی وزیراعظم طارق رحمان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی اور ان سے خصوصی ملاقات میں دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ احسن اقبال نے وزیراعظم طارق رحمان کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔
ملاقات میں دوطرفہ تجارت بڑھانے، بحری روابط اور سپلائی چین انضمام کے فروغ پر زور دیا گیا اور بنگلادیش پاکستان نالج کاریڈور کے آغاز پر اتفاق ہوا تاکہ تعلیمی و تحقیقی روابط کو بڑھایا جا سکے۔











