کراچی میں سی ٹی ڈی اور دہشتگردوں کے درمیان شدید مقابلے میں چار دہشتگرد ہلاک، بارودی مواد برآمد۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز)
شاہ لطیف ٹاؤن میں محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) اور دہشتگردوں کے درمیان شدید مقابلے میں چار دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ یہ آپریشن گرفتار دہشتگردوں کی نشاندہی پر کیا گیا تھا۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اظفر مہیسر اور ایس ایس پی سی ٹی ڈی عرفان بہادر نے بتایا کہ مقابلے کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں چار دہشتگرد ہلاک ہوگئے اور سی ٹی ڈی کے دو اہلکار زخمی ہوئے۔
ہلاک ہونے والے دہشتگردوں میں جلیل عرف فرید، نیاز عرف کنگ اور حمدان عرف فرید شامل ہیں جبکہ ایک کی شناخت جاری ہے۔ حکام کے مطابق دہشتگرد اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے مارے گئے۔
جنوری کے اوائل میں تقریباً دو ہزار کلو بارودی مواد برآمد کرکے تین دہشتگردوں کو گرفتار کیا گیا تھا اور انہی کی نشاندہی پر یہ کارروائی کی گئی۔ گرفتار دہشتگردوں کا تعلق مبینہ طور پر فتنہ آل ہندوستان بشیر زیب نیٹ ورک سے بتایا جا رہا ہے۔
مزید خطرات کے پیش نظر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کیا گیا جس نے بارودی مواد کی موجودگی کی تصدیق کی۔ سی ٹی ڈی نے فرار دہشتگردوں کی گرفتاری کے لیے مختلف اضلاع میں ناکہ بندی کردی ہے جبکہ سرچ آپریشن جاری ہے۔















