پاکستان اور سری لنکا نے داخلی سیکیورٹی تعاون بڑھانے اور سری لنکن پولیس کو پاکستان میں ٹریننگ کی پیشکش کی ہے۔
کولمبو: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان اور سری لنکا نے غیر قانونی امیگریشن اور منشیات کی روک تھام کے لئے باہمی کوآرڈینیشن بہتر بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سری لنکا کی وزارت داخلہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سری لنکن وزیر آنند وجے پالا سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک نے داخلی سیکیورٹی، انسداد دہشت گردی اور انسداد منشیات کے لئے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
محسن نقوی نے سری لنکن پولیس کے افسران کو نیشنل پولیس اکیڈمی میں ٹریننگ کی پیشکش کی۔ انہوں نے کہا کہ ٹریننگ ایکسچینج پروگرامز سے دونوں ممالک کی فورس کی استعداد کار میں اضافہ ہوگا۔
وزیرداخلہ نے سری لنکن ہم منصب کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی اور سری لنکا میں شاندار مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔ سری لنکن وزیر داخلہ نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی مفادات کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی یقین دہانی کروائی۔













