پیپلز پارٹی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے حکومت پر عوام پر مہنگائی کا بوجھ ڈالنے کا الزام لگایا ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پیپلز پارٹی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر اعتراض کرتے ہوئے اسے مسترد کردیا ہے۔ ترجمان پیپلز پارٹی شازیہ مری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے عوام پر مہنگائی کا بوجھ ڈال دیا ہے، جو قبول نہیں۔ ان کے مطابق مہنگائی کے ستائے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے بجائے مشکلات میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔
پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے کے خلاف درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ شازیہ مری کا کہنا ہے کہ پیٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے غریب، محنت کش اور متوسط طبقہ زیادہ متاثر ہوگا۔ حکومت ایک طرف رمضان پیکج کا دعویٰ کرتی ہے اور دوسری طرف مہنگائی کا تحفہ دیتی ہے، جو کہ واضح تضاد ہے۔ حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ بے روزگاری اور معاشی بحران کے خاتمے پر توجہ دے اور عوام کو مزید نہ آزمائے۔
یاد رہے کہ حکومت نے اگلے پندرہ روز کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے۔ پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد نئی قیمت 258 روپے 17 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 32 پیسے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد نئی قیمت 275 روپے 70 پیسے ہو گئی ہے۔














