سعودی پبلک سیکیورٹی نے وزٹ ویزا کی مدت ختم ہونے پر قیام کو طول دینے پر 50 ہزار ریال جرمانہ اور چھ ماہ قید کی وارننگ دی ہے۔
ریاض: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سعودی پبلک سیکیورٹی نے وزٹ ویزا کی مدت ختم ہونے پر قیام کو طول دینے پر سخت جرمانے اور قید کی وارننگ جاری کی ہے۔ اوور اسٹے کی اطلاع نہ دینے پر 50 ہزار ریال تک جرمانے اور چھ ماہ تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔
پبلک سیکیورٹی نے شہریوں اور رہائشیوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ وزٹ ویزا ہولڈرز کے قیام کی مدت سے تجاوز کی اطلاع دیں۔ خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔
خلاف ورزی کرنے والے غیر ملکی مقیم کو سعودی عرب سے بے دخلی کا بھی سامنا ہو سکتا ہے۔ سعودی جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹ کے مطابق ایک ماہ میں 19 ہزار 559 قانونی فیصلے جاری کیے گئے۔
سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کے خلاف اقامہ، ملازمت اور سرحدی قوانین کی خلاف ورزی پر قید، جرمانے اور بے دخلی کی سزائیں دی گئی ہیں۔ شہریوں اور مقیم افراد کو قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں سے تعاون یا پردہ پوشی سے گریز کی تنبیہ کی گئی ہے۔














