آئی ایم ایف کا جائزہ مشن 25 فروری کو پاکستان کا دورہ کرے گا تاکہ تیسرے اقتصادی جائزہ مذاکرات مکمل کیے جا سکیں۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) آئی ایم ایف کا جائزہ مشن 25 فروری کو پاکستان کا دورہ کرے گا تاکہ تیسرے اقتصادی جائزہ مذاکرات مکمل کیے جا سکیں۔ مشن دو ہفتے تک پاکستان میں قیام کرے گا۔
آئی ایم ایف وفد جولائی تا دسمبر 2025 کی معاشی کارکردگی اور مقررہ اہداف میں پیشرفت کا جائزہ لے گا۔ وفد کو ٹیکس اصلاحات، توانائی شعبے، مانیٹری پالیسی اور زرمبادلہ کے ذخائر پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔
پرائمری بجٹ سرپلس اور صوبائی کیش سرپلس حاصل کر لیے گئے، تاہم جولائی تا دسمبر 2025 کے ٹیکس ہدف میں 329 ارب روپے کا شارٹ فال رہا۔ ایف بی آر نے اس دوران 6,161 ارب روپے ٹیکس جمع کیا۔
آئی ایم ایف کو پی آئی اے سمیت نجکاری پروگرام میں پیش رفت سے آگاہ کیا جائے گا۔ مذاکرات کی کامیابی پر پاکستان کو 1.2 ارب ڈالر ملیں گے، جس میں ای ایف ایف پروگرام کے ایک ارب اور کلائمیٹ فنانسنگ کے 20 کروڑ ڈالر شامل ہیں۔















