وقار یونس نے پاک بھارت میچ میں فیلڈنگ کی اہمیت پر زور دیا، جبکہ وسیم اکرم نے ٹیم کی صلاحیتوں کو سراہا۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سابق کپتان وقار یونس نے کہا ہے کہ پاک بھارت میچ کے دوران فیلڈنگ کا کردار انتہائی اہم ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان بھارت کو شکست دیتا ہے تو یہ کوئی اپ سیٹ نہیں ہوگا۔
وقار یونس نے مزید کہا کہ پاکستان اچھی کرکٹ کھیل رہا ہے جبکہ بھارت جارحانہ کرکٹ کھیلتا ہے۔ جب جارحانہ کھیل کھیلا جاتا ہے تو مواقع پیدا ہوتے ہیں، اور پاکستان کو فیلڈنگ میں کوئی موقع ضائع نہیں کرنا چاہیے۔ صائم ایوب کو محتاط انداز سے کھیلنا ہوگا اور اپنی محفوظ شارٹس پر توجہ دینی چاہیے، جبکہ سری لنکا میں پچز سست ہو جاتی ہیں۔
ادھر وسیم اکرم نے کہا کہ پاکستان ٹیم دنیا کی کسی بھی ٹیم کو شکست دے سکتی ہے۔ دونوں ٹیموں میں اچھے اسپنرز موجود ہیں، اور جو ٹیم مڈل آرڈر میں اسپنرز کو بہتر کھیلے گی، وہ کامیاب ہوگی۔















