لفتھانسا کی ہڑتال سے 800 پروازیں منسوخ ہوئیں، ایک لاکھ سے زائد مسافر پھنس گئے، فلائٹ شیڈول کی بحالی کی کوشش جاری۔
مانچسٹر: (رائیٹ ناوٴ نیوز) برطانیہ کی معروف فضائی کمپنی لفتھانسا نے ہڑتال کے باعث تقریباً 800 پروازیں منسوخ کر دیں، جس سے ایک لاکھ سے زائد مسافر مختلف ایئرپورٹس پر پھنس گئے۔
جرمنی میں تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کے مطالبات پر پائلٹس اور کیبن کریو کی 24 گھنٹے کی ہڑتال نے فضائی آپریشن کو بری طرح متاثر کیا۔
فرینکفرٹ اور میونخ جیسے بڑے ہوائی مراکز پر شدید خلل پڑا اور سیکڑوں فلائٹس منسوخ ہوئیں، جس کے باعث مسافروں کو متبادل سفری انتظامات کے لیے طویل انتظار کرنا پڑا۔
لفتھانسا انتظامیہ نے مسافروں کو درپیش مشکلات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معمول کے مطابق فلائٹ شیڈول کی بحالی متوقع ہے۔ ایئرلائن نے متاثرہ مسافروں کو نئی پروازیں بک کرنے یا مکمل رقم کی واپسی کی پیشکش بھی کی ہے۔
کمپنی کے لیبر ریلیشنز ڈائریکٹر مائیکل نگگیمن نے کہا کہ صورتحال کو مزید بگاڑنے کے بجائے تعمیری مذاکرات کی ضرورت ہے اور یہ ہڑتال ملازمین کے مستقبل اور مسافروں کے لیے مشکلات کا باعث بنتی ہے۔












