آئی ایم ایف نے پاکستان کو بجلی کے نرخوں میں اضافے کا بوجھ متوسط اور کم آمدنی والے گھرانوں پر نہ ڈالنے کا کہا ہے۔ مذاکرات جاری ہیں۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) آئی ایم ایف کی پاکستان کے ساتھ بجلی کے ٹیرف میں تبدیلیوں پر بات چیت جاری ہے۔ عالمی مالیاتی ادارے نے پاکستانی حکام کو مشورہ دیا ہے کہ ٹیرف میں تبدیلیوں کا بوجھ متوسط یا کم آمدنی والے طبقے پر نہیں پڑنا چاہیے۔
آئی ایم ایف کے مطابق، مذاکرات میں دیکھا جائے گا کہ مجوزہ ٹیرف تبدیلیاں پروگرام کی شرائط کے مطابق ہیں یا نہیں، اور ان کے معیشت پر ممکنہ اثرات، خصوصاً مہنگائی کا جائزہ لیا جائے گا۔
آئی ایم ایف نے مزید کہا کہ بجلی کے شعبے کے گردشی قرضے کو پروگرام کے اہداف کے اندر رکھا گیا ہے، جس میں ریکوری بہتر بنانے اور نقصانات کم کرنے سے مدد ملی ہے۔ پاکستان نے بجلی کے نرخوں میں بڑے ردوبدل کی تجویز دی ہے، جس سے مہنگائی بڑھ سکتی ہے مگر صنعت پر دباؤ کم ہو سکتا ہے۔ یہ اقدامات 7 ارب ڈالر کے آئی ایم ایف کے ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلٹی پروگرام کی شرائط پوری کرنے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔
آئی ایم ایف کے مطابق بجلی ٹیرف میں ممکنہ رد و بدل پر بات چیت جاری ہے، جبکہ مزید مذاکرات مارچ کے آخر میں ہونے والے ای ایف ایف جائزہ اجلاس میں ہوں گے۔













