جنوبی افریقہ کے صدر نے منظم جرائم سے نمٹنے کے لیے فوج کی تعیناتی اور پولیس بھرتی کا اعلان کیا ہے۔
کیپ ٹاؤن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) جنوبی افریقہ کے صدر سیرل راما فوسا نے ملک میں بڑھتے ہوئے منظم جرائم سے نمٹنے کے لیے فوجی دستوں کی تعیناتی کا اعلان کیا ہے۔
صدر راما فوسا نے کہا کہ منظم جرائم ملک کی جمہوریت، معاشرت اور معیشت کے لیے فوری خطرہ بن چکے ہیں۔ انہوں نے حکومت کی اولین ترجیح کے طور پر ٹیکنالوجی، انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ذریعے کارروائیاں تیز کرنے پر زور دیا۔
انہوں نے وزیر برائے پولیس اور ساؤتھ افریقن نیشنل ڈیفنس فورس کو ہدایت دی کہ ویسٹرن کیپ اور گاؤٹنگ میں گینگ تشدد اور غیر قانونی کان کنی کو روکنے کے لیے منصوبہ تیار کریں۔
صدر نے مزید کہا کہ اس سال 5,500 پولیس اہلکار بھرتی کیے جائیں گے، اسلحہ قوانین کو سخت کیا جائے گا اور جرائم پیشہ نیٹ ورکس کے خلاف انٹیلی جنس ٹیمیں فعال ہوں گی۔














