جھارکھنڈ میں یوٹیوبر ودھایک پراجاپتی نے ذہنی دباؤ میں اپنا اسٹوڈیو جلا دیا، قیمتی آلات خاکستر، اہلِ خانہ کو بحفاظت نکال لیا گیا۔
جھارکھنڈ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) بھارت کی ریاست جھارکھنڈ میں ایک 27 سالہ یوٹیوبر ودھایک پراجاپتی نے ذہنی دباؤ کے باعث اپنے گھر کے اسٹوڈیو کو آگ لگا دی۔ یہ واقعہ ہفتہ کی شب پیش آیا، تاہم پولیس اور پڑوسیوں کی بروقت کارروائی کے باعث ان کے اہلِ خانہ کو محفوظ نکال لیا گیا۔
آگ لگنے سے اسٹوڈیو میں موجود قیمتی آلات، جن کی مالیت دس لاکھ روپے سے زائد تھی، جل کر راکھ ہو گئے۔ متاثرہ نوجوان اپنے گھر سے فلم ایڈیٹنگ اور ڈیجیٹل میڈیا پروڈکشن کا کام کر رہے تھے اور انہوں نے اپنی آبائی زمین فروخت کر کے یہ اسٹوڈیو تعمیر کیا تھا۔
پڑوسیوں کے مطابق پراجاپتی کئی ماہ کی محنت کے باوجود یوٹیوب پر خاطر خواہ کامیابی حاصل نہ کر سکے، جس کے باعث وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہو گئے۔ ہفتہ کی رات تقریباً دس بجے انہوں نے خود کو اسٹوڈیو میں بند کر کے آگ لگا دی، بعد ازاں پیچھے کی دیوار سے چھلانگ لگا کر فرار ہو گئے۔
پولیس اہلکاروں نے دیوار توڑ کر خاندان کو بحفاظت باہر نکالا۔ اتوار کی صبح رشتہ داروں نے پراجاپتی کو رانچی کے ایک اسپتال میں نفسیاتی علاج کے لیے داخل کرا دیا۔















