رافیل کمپنی نے پاکستان کی جانب سے بھارتی رافیل طیارے گرانے کی تصدیق کر دی ہے، ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ جارحیت کا جواب دیا جائے گا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ رافیل طیارے بنانے والی کمپنی نے پاکستان کی جانب سے بھارتی رافیل طیارے گرانے کی تصدیق کر دی ہے۔ ہفتہ وار بریفنگ میں انہوں نے کہا کہ مستقبل میں بھی بھارتی جارحیت کا جواب دیا جائے گا۔
طاہر اندرابی نے بتایا کہ پاکستانی قانونی ٹیم نے عالمی ثالثی عدالت میں سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے سماعت میں حصہ لیا جبکہ بھارت شریک نہیں ہوا۔ پاکستان نے معاہدے کی مکمل پابندی کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے اقوام متحدہ کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے افغانستان میں ٹی ٹی پی کی نقل و حرکت کی تصدیق کی اور داعش کے پاکستان کے خلاف تعاون پر تشویش ظاہر کی۔
ترجمان نے بھارتی ہجوم کے ہاتھوں مسلمانوں کے قتل کی مذمت کی اور آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان عمان میں امریکا اور ایران کے مذاکرات کا خیرمقدم کرتا ہے اور استنبول میں ہونے والے مذاکرات کو بھی سراہتا ہے۔
طاہر اندرابی نے بتایا کہ سعودی ولی عہد کے پاکستان دورے کی تصدیق ہو چکی ہے، تاہم حتمی معلومات موصول نہیں ہوئی ہیں۔
ازبکستان اور قزاقستان کے صدور کے دورہ پاکستان کے دوران معاہدوں اور انسداد دہشت گردی پر اتفاق کیا گیا۔
انہوں نے پاک بھارت کشیدگی میں امریکی کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنی حدود کا بھرپور تحفظ کرے گا۔















