پنجاب حکومت نے رمضان کے لیے 100 بازار اور 1216 دسترخوان قائم کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کے لیے 47 ارب روپے کی لاگت سے رمضان نگہبان پیکج شروع کیا گیا ہے۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پنجاب حکومت نے رمضان کی تیاری مکمل کر لی ہے، جس کے تحت صوبہ بھر میں 100 رمضان بازار اور 1216 دسترخوان قائم کیے جائیں گے۔ ان اقدامات کے لیے 47 ارب روپے کی لاگت سے ‘رمضان نگہبان پیکج’ کے تحت کارڈز کی تقسیم شروع کر دی گئی ہے۔
پنجاب بھر میں سبسڈائزڈ آٹے کی فروخت کے لیے 120 سیل پوائنٹس قائم کیے جائیں گے، جہاں 10 کلو آٹے کا تھیلا 850 روپے میں دستیاب ہوگا۔ رمضان بازاروں میں 20 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر 20 فیصد ڈسکاؤنٹ دیا جائے گا۔
مرغی کا گوشت سرکاری ریٹ سے 15 روپے فی کلو کم پر فروخت کیا جائے گا۔ 105 بڑی سپر سٹور چینز ہول سیل ریٹ کاؤنٹر لگانے کے پابند ہوں گے۔ رمضان کے دوران چینی زیادہ سے زیادہ 160 روپے فی کلو فراہم کی جائے گی۔
لاہور میں تین روزہ رمضان بچت فیسٹیول کل سے جیلانی پارک میں لگے گا۔ محکمہ فوڈ سکیورٹی اینڈ کموڈٹیز مینجمنٹ نے قیمتوں کے استحکام کے لیے تمام ڈی سیز کو ہدایات جاری کر دی ہیں، اور پیرا فورس کو سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کا ٹاسک سونپ دیا گیا ہے۔















