سینیٹر ثمینہ زہری نے کہا کہ بلوچستان کی بچیاں یا تو بچے پیدا کر رہی ہیں یا بندوق اٹھا رہی ہیں، سینیٹ کمیٹی اجلاس میں آبادی کے مسائل پر بحث ہوئی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز)
سینیٹر ثمینہ زہری نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے صحت کے اجلاس میں کہا ہے کہ بلوچستان کی بچیاں یا تو بچے پیدا کر رہی ہیں یا بندوق اٹھا رہی ہیں۔ انہوں نے نیشنل پاپولیشن اینڈ ری پروڈکٹیو ہیلتھ بل 2026 پر بحث کرتے ہوئے کہا کہ آبادی ایک بڑا مسئلہ ہے اور اس پر پالیسی مرتب کرنا ضروری ہے۔
اجلاس میں سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ آبادی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور بلوچستان میں دہشت گردی میں بچیوں کا استعمال ہو رہا ہے۔ انہوں نے برتھ کنٹرول کو بات چیت کا موضوع بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ بڑھتی آبادی کے مسائل پر اوپن ڈیبیٹ کروائی جائے اور اس بل پر مشاورت کر کے اسمبلی میں لائیں تاکہ کوئی تحفظات نہ ہوں۔ اجلاس میں اسلامی نظریاتی کونسل سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے ممبران کی مشترکہ میٹنگ بلانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔















