دادو کی تحصیل میہڑ میں ڈاکوؤں کے خلاف پولیس مقابلے میں تین اہلکار شہید اور پانچ زخمی ہو گئے۔
دادو: (رائیٹ ناوٴ نیوز) دادو کی تحصیل میہڑ میں ڈاکوؤں کے خلاف پولیس مقابلے کے دوران تین پولیس اہلکار شہید اور پانچ زخمی ہو گئے۔
عینی شاہدین کے مطابق ڈاکوؤں نے درگاہ شاہ گودڑیو کے میلے سے واپسی پر زائرین کو لوٹ لیا اور قاضی عارف روڈ بلاک کر کے پانچ موٹر سائیکلیں، نقدی اور موبائل فون چھین لیے۔ پولیس کی اطلاع پر پہنچنے پر ڈاکوؤں نے فائرنگ شروع کر دی۔
فائرنگ کے تبادلے میں پولیس کے تین اہلکار موقع پر ہی شہید ہو گئے جبکہ پانچ افراد زخمی ہوئے، جن میں چوکی انچارج بھی شامل ہیں۔ جاں بحق اہلکاروں اور زخمیوں کو لاڑکانہ منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ متاثرین نے ڈکیتی کے خلاف انڈس ہائی وے پر دھرنا دیا جس سے ٹریفک معطل ہو گئی۔













