واٹس ایپ نے اضافی فیچرز کے لیے سبسکرپشن پلان کی آزمائش شروع کی ہے، جس میں صارفین کو ماہانہ فیس کے ذریعے خاص فیچرز تک رسائی ملے گی۔
کیلیفورنیا: (رائیٹ ناوٴ نیوز) واٹس ایپ نے اضافی فیچرز تک رسائی کے لیے ایک اختیاری سبسکرپشن پلان کی آزمائش کا آغاز کیا ہے، جس کے تحت ماہانہ فیس کے عوض صارفین کو خاص خصوصیات فراہم کی جائیں گی۔
واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ بیٹا ورژن میں اس نئے سبسکرپشن پلان کو پیش کیا گیا ہے، جس میں صارفین کو ان کی ضروریات کے مطابق خصوصی فیچرز تک رسائی دی جائے گی جنہیں عام صارفین استعمال نہیں کر سکیں گے۔
رپورٹ کے مطابق، اس سبسکرپشن پلان کے تحت صارفین واٹس ایپ آئیکون کو اپنی مرضی کے مطابق تبدیل کر سکیں گے اور اضافی چیٹس کو پن کرنے کی سہولت بھی حاصل کر سکیں گے۔
یہ سبسکرپشن سروس اختیاری ہوگی اور بنیادی فیچرز جیسے میسجنگ، وائس اور ویڈیو کالنگ بدستور مفت دستیاب رہیں گے۔ سبسکرپشن کی قیمت اور متعارف کرانے کی تاریخ فی الحال طے نہیں کی گئی۔















