باب وئیر، گریٹفل ڈیڈ کے شریک بانی، 78 برس کی عمر میں کینسر سے انتقال کر گئے۔
سان فرانسسکو: (رائیٹ ناوٴ نیوز) لیجنڈری راک بینڈ گریٹفل ڈیڈ کے شریک بانی اور ردھم گٹارسٹ باب وئیر 78 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ انہیں جولائی میں کینسر کی تشخیص ہوئی تھی اور وہ پھیپھڑوں سے متعلق پیچیدگیوں کے باعث اپنے اہل خانہ کے درمیان وفات پا گئے۔
کینسر کے علاج کے آغاز کے بعد انہوں نے سان فرانسسکو کے گولڈن گیٹ پارک میں تین روزہ کنسرٹس میں پرفارم کیا، جہاں انہوں نے موسیقی کے میدان میں اپنے 60 سال مکمل ہونے کا جشن منایا۔ یہ ان کی آخری عوامی لائیو پرفارمنس ثابت ہوئیں۔
باب وئیر گریٹفل ڈیڈ کے فرنٹ فیس سمجھے جاتے تھے اور انہوں نے کئی مشہور گانوں میں مرکزی آواز دی۔ وہ 16 اکتوبر 1947 کو کیلیفورنیا میں پیدا ہوئے اور 16 برس کی عمر میں جیری گارسیا سے ملنے کے بعد وارلاک بینڈ بنایا جو بعد ازاں گریٹفل ڈیڈ کہلایا۔
1995 میں جیری گارسیا کی وفات کے بعد باب وئیر نے سولو کیریئر جاری رکھا اور گریٹفل ڈیڈ کے باقی اراکین کے ساتھ ری یونین پروجیکٹس میں بھی حصہ لیا۔ 2017 میں وہ اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کا خیرسگالی سفیر مقرر ہوئے۔
باب وئیر اپنی اہلیہ ناتاشا مونٹر اور دو بیٹیوں کو سوگوار چھوڑ گئے ہیں۔















