رجب بٹ پر وکلاء کے حملے کی مذمت، سندھ حکومت کا فوری نوٹس

کراچی کی سٹی کورٹ میں یوٹیوبر رجب بٹ پر وکلاء نے حملہ کیا، سندھ حکومت نے مذمت کی اور تحقیقات کا اعلان کیا۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
رجب بٹ پر وکلاء کا حملہ، سندھ حکومت کی مذمت

کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار نے معروف یوٹیوبر رجب بٹ پر سٹی کورٹ کراچی میں وکلاء کے حملے پر فوری ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام ناقابل قبول ہے اور اس کی سختی سے مذمت کی جاتی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ عدالت میں موجود کورٹ پولیس کی ذمہ داری تھی کہ وہ ملزمان کو محفوظ طریقے سے عدالت میں لے جائے، تاہم اس کے باوجود رجب بٹ پر تشدد ہونا باعث تشویش ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ اس واقعے کی تحقیقات کی جائیں گی اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

رجب بٹ عبوری ضمانت کے حصول کے لیے سٹی کورٹ کراچی میں پیش ہوئے تھے، جہاں اچانک وکلاء کے ایک گروہ نے ان پر حملہ کر دیا۔ تشدد کے باعث رجب بٹ زمین پر گر گئے اور انہیں فوری طبی امداد کی ضرورت پیش آئی۔ پولیس اور عدالتی عملے نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کو قابو میں کیا۔

ذرائع کے مطابق حملے کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آ سکیں جبکہ وکلاء تنظیموں کی جانب سے کوئی باضابطہ مؤقف جاری نہیں کیا گیا۔ واقعے کے بعد سٹی کورٹ کے احاطے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

ادھر عدالت نے رجب بٹ کی عبوری ضمانت میں 13 جنوری تک توسیع کر دی۔ عدالتی کارروائی مختصر رہی، جس کے بعد زخمی یوٹیوبر کو عدالتی احاطے سے باہر منتقل کر دیا گیا۔ قریبی ذرائع کے مطابق رجب بٹ کی حالت خطرے سے باہر ہے تاہم مزید طبی معائنے کے لیے اسپتال لے جایا گیا۔

دیگر متعلقہ خبریں