پی ایس ایل سیزن 11 کا آغاز 26 مارچ کو ہوگا، محسن نقوی نے اعلان کیا۔
نیو یارک: (رائیٹ ناوٴ نیوز) چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کا گیارہواں سیزن 26 مارچ سے شروع ہوگا۔ نئی دو ٹیموں کی بڈنگ کی تاریخ 22 دسمبر مقرر کی گئی ہے۔
نیو یارک میں روڈ شو کے دوران انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کو بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانے کے لیے ٹرافی ٹور اور فین مومنٹ کا اعلان کیا گیا ہے۔ بڈنگ کا عمل شفاف طریقے سے مکمل کیا جائے گا اور براہ راست نشر کیا جائے گا۔
پی ایس ایل کے روڈ شو میں قومی مینز کرکٹ ٹیم کے چھ کھلاڑی سلمان علی آغا، ابرار احمد، فہیم اشرف، صائم ایوب، شان مسعود اور سعود شکیل بھی شریک ہوئے۔ محسن نقوی نے کہا کہ پی ایس ایل کو دنیا کی نمبر ون لیگ بنانے کا عزم رکھتے ہیں۔
وسیم اکرم نے کہا کہ پی ایس ایل کی کامیابی میں سب کی محنت شامل ہے اور یہ شائقین کرکٹ کے لیے تفریح کا بہترین موقع فراہم کرتی ہے۔ شان مسعود نے کہا کہ پی ایس ایل میں کھیلنے سے کارکردگی میں بہتری آئی ہے۔
رمیز راجہ نے کہا کہ پی ایس ایل پاکستان کرکٹ کے کھیل کو فروغ دے رہی ہے اور نوجوان کھلاڑیوں کو عالمی کرکٹرز کے ساتھ کھیلنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔















