شاداب خان نے کہا کہ پاکستانی کرکٹرز کی بڑی تعداد پہلی مرتبہ آسٹریلیا میں ایک ساتھ کھیل رہی ہے، جس سے بگ بیش لیگ کو مزید شہرت مل رہی ہے۔
سڈنی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان کے معروف آل راؤنڈر شاداب خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے بڑے ناموں کی وجہ سے بگ بیش لیگ کو شہرت مل رہی ہے۔ شاداب خان اس وقت سڈنی تھنڈر کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
شاداب خان نے سڈنی سے ورچوئل میڈیا ٹاک کرتے ہوئے کہا کہ بگ بیش لیگ کے لیے اچھی تیاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس جو کمی رہ گئی تھی، اس کو پورا کرنے کی کوشش ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی کرکٹرز کی بڑی تعداد پہلی مرتبہ آسٹریلیا میں ایک ساتھ کھیل رہی ہے، اس سے لیگ کو مزید شہرت مل رہی ہے۔
شاداب خان نے کہا کہ بی بی ایل میرے لیے بڑی اہم ہے، پانچ ماہ کے بعد میں ایکشن میں ہوں گا، یہ میرے لیے اچھا موقع ہے اور مجھے اس سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے ساتھ فینز بھی پرجوش ہیں، وہ بی بی ایل شروع ہونے کے منتظر ہیں، 2022 میں ہم نے یہاں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیلا اور بہت اسپورٹ ملی تھی۔















