وزیر داخلہ محسن نقوی نے لاہور ایئرپورٹ کا دورہ کیا اور مسافروں کو امیگریشن میں سہولت کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے جعلی دستاویزات پر سخت کارروائی کا عندیہ دیا۔
لاہور: (رائیٹ ناؤ نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے ایف آئی اے حکام کو تاکید کی کہ نامکمل سفری دستاویزات پر کسی کو سفر کی اجازت نہ دی جائے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی سے امیگریشن میں آسانی ہوئی ہے۔ جعلی دستاویزات پر سفر کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی جبکہ مکمل دستاویزات والے مسافروں کو نہیں روکا جائے گا۔
محسن نقوی نے ایئرپورٹ پر امیگریشن پراسیس کا جائزہ لیا اور عملے سے پراسیس کے بارے میں سوالات کیے۔ مسافروں سے بھی امیگریشن کے وقت کے بارے میں دریافت کیا۔
مسافروں نے بتایا کہ امیگریشن میں 30 منٹ لگے۔ وزیر داخلہ نے امیگریشن کے عمل کو تیز کرنے اور تمام کاونٹرز کھولنے کی ہدایت دی۔
واضح رہے کہ ایک مسافر نے ایجنٹ کی جانب سے رقم لینے کی شکایت کی، جس پر وزیر داخلہ نے فوری کارروائی کا حکم دیا۔












