وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ ترکش پیٹرولیم کی آف شور ڈرلنگ سے بڑی سرمایہ کاری آئے گی، پیٹرول کی قلت پر قابو پایا گیا۔
لاہور: (رائیٹ ناؤ نیوز) وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ پاکستان میں پیٹرول کی قیمتیں بلند ہیں، مگر قلت کہیں آنے نہیں دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ترکش پیٹرولیم پاکستان کے سمندروں میں آف شور ڈرلنگ کر رہی ہے۔
وزیر پیٹرولیم نے لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن عملی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ نواز شریف کی قیادت میں ملک کو ایٹمی قوت بنا کر ناقابل تسخیر بنایا گیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ایران امریکا جنگ کے دوران پاکستان نے خطے میں امن کے قیام میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودیہ کی معاشی قوت اور ترکی کی ترقی کے ساتھ پاکستان کی دفاعی صلاحیت اہم کردار ادا کرے گی۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کی مہارت پوری دنیا میں مانی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی چیلنجز کے باوجود وزیراعظم شہباز شریف نے مشکل فیصلے لے کر ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالا۔
واضح رہے کہ وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود حکومت نے عوام کو ریلیف دینے اور تیل کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کی پوری کوشش کی۔












