پاکستان بار کونسل نے نئے صوبوں کے قیام کی قرارداد منظور کر لی، آئینی عمل پر زور دیا ہے۔ تمام سیاسی جماعتوں کو مذاکرات کی دعوت دی گئی ہے۔
لاہور: (رائیٹ ناؤنیوز) پاکستان بار کونسل نے اپنے 250ویں اجلاس میں نئے صوبوں کے قیام کے بارے میں اہم قرارداد منظور کر لی ہے۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ نئے صوبوں کا قیام آئین، پارلیمانی عمل اور قومی اتفاقِ رائے کے مطابق ہونا چاہئے۔
پاکستان بار کونسل کا اجلاس وائس چیئرمین چشتی کی صدارت میں ہوا، جس میں احسن بھون، طاہر نصر اللہ وڑائچ، اور عامر سعید راں سمیت دیگر اراکین نے شرکت کی۔ قرارداد میں کہا گیا کہ نئے صوبوں کا قیام قومی مفاد کی بنیاد پر ہونا چاہئے۔
بار کونسل نے تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا ہے کہ وہ قومی مفاد میں مذاکرات کریں تاکہ آئینی تقاضوں کے مطابق دیرپا حل نکالا جا سکے۔ قومی سیمینار منعقد کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے جس میں مختلف سیاسی اور قانونی نمائندے شرکت کریں گے۔
قرارداد میں کہا گیا کہ سیمینار کا مقصد وفاق کو مضبوط بنانا اور نئے صوبوں کے معاملے پر قومی اتفاقِ رائے پیدا کرنا ہے تاکہ آئینی مسئلے پر جامع پیش رفت ہو سکے۔
یاد رہے کہ پاکستان بار کونسل نے واضح کیا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کا معاملہ آئینی اور جمہوری طریقے سے ہی آگے بڑھایا جانا چاہئے اور اس حوالے سے قومی مکالمے کی ضرورت ہے۔












