بلاول بھٹو زرداری نے ن لیگ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم سے کوئی شکایت نہیں، اصل لڑائی ن لیگ کے خاندان کی اندرونی ہے۔
مظفرآباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ان کی وزیراعظم سے کوئی شکایت نہیں، بلکہ اصل مسئلہ ن لیگ کے خاندان کے اندر کی لڑائی ہے۔ اگر وہ لڑنا چاہتے ہیں تو لڑ سکتے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے آزاد کشمیر کے باغ میں پیپلز پارٹی کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کا ایک خاص حصہ ان کے منصوبے ناکام کر رہا ہے، اور وہ اتحادیوں سے بھی لڑانا چاہتا ہے۔ ن لیگ حکومت کی الٹی گنتی شروع ہوچکی ہے، لیکن یہ پیپلز پارٹی نے نہیں کی بلکہ ان کے اپنے لوگوں نے شروع کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر کی تاریخ میں ایسا سخت وقت نہیں دیکھا گیا جب پچاس دن تک انٹرنیٹ بند رہا۔ بلاول نے کہا کہ عوام کو ان کے حقوق ملنے چاہئیں، اور مشکل وقت کا بوجھ پونچھ ڈویژن کے عوام اٹھا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نئے صوبوں کی تجویز اس وقت قابل غور ہوگی جب بنیادی حقوق موجود ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی غلط فہمی ہے کہ وہ آزاد کشمیر میں حکومت بنالے گی، جبکہ یہ شفاف الیکشن کے لیے تیار نہیں ہیں۔
یاد رہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے دھاندلی اور خونی الیکشن کو نامنظور قرار دیا ہے۔ انہوں نے ن لیگ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ووٹ کی عزت کرے، جس کا ووٹ ہے اس کو پہنچے، اور ہمیں اس حکومت سے آزاد کریں۔












