رانا ثنا اللہ نے کشمیری عوام سے وعدے پورے کرنے کا اعلان کیا، مسلم لیگ (ن) کی حکومت آزاد کشمیر کی ترقی کو تیز کرے گی۔
حویلی: (رائیٹ ناؤنیوز) وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ کشمیری عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت سے آزاد کشمیر کی ترقی کا عمل مزید تیز ہوگا۔
رانا ثنا اللہ نے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حویلی میں ہونے والا تاریخی جلسہ کشمیری عوام کی پاکستان سے وابستگی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت جان چکا ہے کہ وہ پاکستان کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔
انہوں نے بتایا کہ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے انتخابات کے پہلے دو مراحل میں کامیابی حاصل کر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 45 نشستوں پر مشتمل اسمبلی میں حکومت بنانے کے لیے 23 نشستیں درکار ہیں۔
وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ترقیاتی منصوبوں کی یقین دہانی کرائی ہے۔ نواز شریف آزاد کشمیر میں منصوبوں کی نگرانی کریں گے، جس سے ترقی کی رفتار تیز ہوگی۔
واضح رہے کہ مظفر آباد، میر پور کے بعد حویلی نے بھی مسلم لیگ ن کے حق میں فیصلہ سنا دیا۔ امیر مقام نے کہا کہ ایل او سی سے ملحقہ علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں پر کام تیزی سے ہوگا۔












