ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں محمد عباس کی عدم شمولیت پر بابر اعظم نے کہا کہ انہیں پچ کی صورتحال کے باعث آرام دیا گیا ہے۔
کراچی: (رائیٹ ناؤ نیوز) ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم کی سلیکشن نے کرکٹ حلقوں کو حیران کر دیا ہے۔ محمد عباس کو پلیئنگ الیون سے باہر رکھا گیا ہے، جس پر قومی ٹیم کی انتظامیہ پر شدید تنقید ہو رہی ہے۔
محمد عباس نے پہلے ٹیسٹ میچ میں آٹھ وکٹیں حاصل کی تھیں، جس میں ایک اننگز میں پانچ وکٹوں کی کارکردگی شامل تھی۔ اس کے باوجود انہیں دوسرے ٹیسٹ میں موقع نہیں دیا گیا۔
بابر اعظم نے کہا ہے کہ محمد عباس مکمل فٹ ہیں اور انہیں پچ کی صورتحال کے باعث آرام دیا گیا ہے۔ ان کی جگہ نوجوان فاسٹ بولر عبید شاہ کو ٹیسٹ ڈیبیو کا موقع دیا گیا ہے۔
محمد عباس نے دسمبر 2024 میں واپسی کے بعد پانچ ٹیسٹ میچوں میں 28 وکٹیں حاصل کی ہیں اور ان کی اوسط اور اکانومی بھی بہتر رہی ہے۔
واضح رہے کہ محمد عباس کا متحدہ عرب امارات اور بنگلادیش کی سست وکٹوں پر بھی ریکارڈ متاثر کن ہے۔ انگلینڈ میں آئندہ سیریز میں ان کا تجربہ ٹیم کے لیے اہم ہوگا۔















