ایران قومی مفادات پر سمجھوتہ نہیں کرے گا اور پاکستان ثالثی میں تبدیلی نہیں آئی: ایرانی سفیر کا بیان۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) پاکستان میں ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے کہا ہے کہ ایران نے پاکستان کے ذریعے امریکا تک نیا مذاکراتی منصوبہ پہنچا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات میں پیشرفت کا انحصار امریکی رویے پر ہے۔ ایران اپنے مؤقف میں واضح اور شفاف ہے۔
ایرانی سفیر نے ایک انٹرویو میں کہا کہ اگر امریکا سنجیدہ ہے تو اسے اپنا رویہ بدلنا ہوگا۔ ایران قومی مفادات اور دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ پاکستان کے ذریعے پہنچائے گئے مذاکراتی منصوبے پر عملدرآمد کا دارومدار امریکا پر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان موجودہ عمل میں مرکزی ثالث ہے اور اس کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔ ثالثی میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی اور پاکستان کی حیثیت برقرار ہے۔ ایران سفارتکاری پر قائم ہے، لیکن پیشرفت امریکا کے رویے پر منحصر ہے۔
ایرانی سفیر نے عالمی برادری کو ایران کا واضح اور منطقی مؤقف دیکھنے کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کا رویہ غیرمستحکم ہے اور اسے ایران کے حقوق کا احترام کرنا ہوگا۔ ایران جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی حل چاہتا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور تجارتی روابط میں اضافہ جاری ہے۔ پاکستان خطے میں تجارتی راستوں کے تنوع اور ایران کے ساتھ تعاون کا خواہاں ہے۔ میرجاوہ، تفتان اور گبد ریمدان بارڈر کراسنگ پاک ایران تجارت کے لیے اہم ہیں۔














