دادو ماڈل کرمنل کورٹ نے ام رباب چانڈیو کے والد، دادا اور چچا کے قتل کیس میں تمام ملزمان کو بری کر دیا۔ یہ کیس سندھ کے جاگیردارانہ نظام کے خلاف اہم سمجھا جا رہا تھا۔
دادو: (رائیٹ ناوٴ نیوز) دادو ماڈل کرمنل کورٹ نے ام رباب چانڈیو کے والد، دادا اور چچا کے قتل کیس میں تمام ملزمان کو بری کر دیا۔ عدالت نے پہلے گواہان کے بیانات اور دلائل سن کر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
17 جنوری 2018 کو میہڑ میں ام رباب کے والد، دادا اور چچا کو قتل کیا گیا تھا۔ مقدمہ میں دو ارکان سندھ اسمبلی سمیت 8 ملزمان نامزد تھے، جن میں چار ملزمان جیل میں اور چار ضمانت پر تھے۔
عدالت کے فیصلے کے بعد ام رباب نے کہا کہ کسی ملزم کو سزا نہ ہونا عجیب ہے۔ وہ ملزمان جو 3 سال روپوش رہے، انہیں بھی بری کر دیا گیا۔
ام رباب کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ صرف میرے گھر تک محدود نہیں، بلکہ یہ سندھ کے جاگیرداری نظام کے خلاف عوام کی جدوجہد کی عکاسی کرتا ہے۔
واضح رہے کہ یہ کیس سندھ کے جاگیردارانہ نظام کے خلاف ایک مثال سمجھا جا رہا تھا۔ ام رباب کا دعویٰ ہے کہ فیصلے سے سرداروں کو کھلی چھوٹ ملی ہے۔













