گوگل نے جدید اے آئی ماڈل ‘جیما 4’ متعارف کرایا، جو جدید ریزننگ اور خودکار ورک فلو کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
کیلیفورنیا: (رائیٹ ناوٴ نیوز)۔ گوگل نے جدید اوپن آرٹیفیشل انٹیلی جنس ماڈل ‘جیما 4’ کو پیش کر دیا ہے۔ یہ ماڈل جدید ریزننگ اور خودکار ورک فلو کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
گوگل نے اعلان کیا ہے کہ جیما 4 کو اپاچی لائسنس 2.0 (Apache License 2.0) کے تحت جاری کیا گیا ہے تاکہ ڈویلپرز کے لیے جدید اے آئی ٹیکنالوجی تک رسائی آسان ہو سکے۔ یہ ماڈل چار مختلف سائز میں دستیاب ہے جو اینڈرائیڈ ڈیوائسز، لیپ ٹاپس اور بڑے کمپیوٹنگ سسٹمز پر کام کر سکتا ہے۔
گوگل کا کہنا ہے کہ جیما 4 کی نمایاں خصوصیات میں ملٹی سٹیپ پلاننگ، پیچیدہ منطقی صلاحیتیں اور خودکار ایجنٹس بنانے کی سہولت شامل ہیں۔ یہ مختلف ٹولز اور اے پی آئیز (APIs) کے ساتھ تعامل کر سکتا ہے۔
یہ ماڈل کوڈ جنریشن کی صلاحیت بھی رکھتا ہے اور تصاویر و وڈیوز کو براہِ راست پراسیس کر سکتا ہے۔ کمپنی کے مطابق جیما سیریز کو 40 کروڑ سے زائد مرتبہ ڈاؤن لوڈ کیا جا چکا ہے۔
واضح رہے کہ گوگل نے جیما 4 کو 140 سے زائد زبانوں پر تربیت دی ہے اور اس میں 128 ہزار سے 256 ہزار ٹوکنز تک کا کانٹیکسٹ ونڈو موجود ہے۔















