خیبرپختونخوا کے سرکاری محکموں کی میٹنگز ورچوئل اور دفاتر میں 50 فیصد ورک فرام ہوم نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پشاور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) خیبرپختونخوا میں سرکاری محکموں کی میٹنگز کو مکمل طور پر ورچوئل کرنے اور دفاتر میں 50 فیصد ورک فرام ہوم نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیق جان نے بتایا کہ صوبائی کابینہ نے فیول کنزرویشن اور رسپانسبل گورننس انیشیایٹو کی منظوری دے دی ہے۔ یہ اقدامات دو ماہ کے لیے نافذ ہوں گے اور ان میں توسیع کا انحصار صورتحال کے تجزیے پر ہوگا۔
شفیق جان کے مطابق سرکاری محکموں میں میٹنگز کو 100 فیصد ورچوئل اور گاڑیوں کے فیول الاؤنس میں 25 فیصد کمی کی منظوری دی گئی ہے، جبکہ پولیس، ریسکیو اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس سے مستثنیٰ ہوں گے۔
سرکاری دفاتر میں 50 فیصد ورک فرام ہوم پالیسی متعارف کرانے، وی آئی پی پروٹوکول گاڑیوں اور ہیلی کاپٹر کے غیر ضروری استعمال میں کمی، اور سرکاری اخراجات میں کفایت شعاری کے اقدامات کیے گئے ہیں۔ جمعہ کے دن تعلیمی ادارے بند رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔
پیٹرول پمپس کی مانیٹرنگ اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائی ہوگی، جبکہ کسانوں اور گندم کٹائی کے لیے ڈیزل کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔














