محققین نے بتایا کہ مصنوعی ذہانت سے الزائمر کی پیشگوئی 93 فیصد درستگی کے ساتھ ہو سکتی ہے۔
میساچوسٹس: (رائیٹ ناوٴ نیوز) محققین نے کہا ہے کہ مصنوعی ذہانت (AI) کی مدد سے الزائمر کی بیماری کی پیشگوئی تقریباً 93 فیصد درستگی کے ساتھ کی جا سکتی ہے۔ ورسسٹر پولی ٹیکنک انسٹیٹیوٹ کے مطابق 800 سے زائد دماغی اسکینز کے تجزیے سے اے آئی کو دماغ میں ہونے والی ساختی تبدیلیوں کی شناخت کی صلاحیت ملی ہے، جو الزائمر کے آغاز کا اشارہ دیتی ہیں۔
یہ نتائج کئی برسوں کی تحقیق کے بعد سامنے آئے، جس میں ظاہر ہوا کہ اے آئی نہ صرف الزائمر کے ابتدائی خطرات کی نشاندہی کر سکتی ہے بلکہ بیماری کے امکان کی پیشگوئی کرنے اور ایسے مریضوں کی شناخت میں بھی مددگار ثابت ہو سکتی ہے جن میں الزائمر موجود ہو مگر تشخیص نہ ہوئی ہو۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر اے آئی کی مدد سے الزائمر کی ابتدائی تشخیص ممکن ہو جائے تو مریضوں اور ڈاکٹروں کو قیمتی وقت مل سکتا ہے تاکہ وہ بیماری کے لیے بہتر تیاری کر سکیں اور ممکنہ طور پر اس کی رفتار کو سست بھی کیا جا سکے۔















