سعودی عرب نے ایرانی حملوں پر خبردار کیا کہ اگر یہ جاری رہے تو تہران کو خود نقصان ہوگا۔ حملے خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔
ریاض: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سعودی عرب نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران کے حملے جاری رہے تو اس کے نتیجے میں سب سے زیادہ نقصان خود تہران کو ہوگا۔ سعودی وزارت خارجہ نے ایران کی جانب سے سعودی مملکت اور دیگر خلیجی، عرب اور اسلامی ممالک پر حملوں کی سخت مذمت کی اور انہیں گھناؤنا قرار دیا۔
سعودی عرب نے امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے ساتھ جاری جنگ میں اپنی پہلی اموات کی رپورٹ بھی دی ہے۔ سعودی حکام کے مطابق، گولہ رہائشی علاقے میں گرنے سے ایک انڈین اور ایک بنگلہ دیشی شہری جان سے گئے جبکہ 12 دیگر بنگلہ دیشی زخمی بھی ہوئے۔
وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ شہری مقامات، ایئرپورٹس اور تیل کی تنصیبات کو نشانہ بنانا خطے کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ ایرانی حملے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔ سعودی وزارت خارجہ نے واضح کیا کہ ایران کے خلاف سعودی سرزمین استعمال نہیں ہوئی، ایرانی حملوں کا تسلسل کشیدگی میں اضافے کا سبب بنے گا، اگر ایران نے یہی رویہ برقرار رکھا تو اس کا تعلقات پر برا اثر پڑے گا۔
سعودی عرب نے تنبیہ کی کہ اگر ایران نے رویہ تبدیل نہ کیا تو اس کا سب سے زیادہ نقصان خود ایران کو ہوگا۔













