نیوزی لینڈ کے بریٹ رینڈل نے 5 گیندوں پر 5 وکٹیں حاصل کیں، پلنکٹ شیلڈ میں نئی تاریخ رقم کی۔
نیپئیر: (رائیٹ ناوٴ نیوز) نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر بریٹ رینڈل نے پلنکٹ شیلڈ میں 5 گیندوں پر 5 وکٹیں حاصل کر کے نئی تاریخ رقم کی۔
بریٹ رینڈل نے نیپئیر میں سینٹرل ڈسٹرکٹس کی جانب سے کھیلتے ہوئے ناردرن ڈسٹرکٹس کے خلاف 25 رنز کے عوض 7 وکٹیں حاصل کیں، جو ان کے کیرئیر کی بہترین کارکردگی ہے۔
رینڈل کی شاندار کارکردگی کے باعث ناردرن ڈسٹرکٹس 82 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ رینڈل نے 8 گیندوں میں 6 اور 12 گیندوں میں 7 وکٹیں حاصل کیں۔
بریٹ رینڈل کی لگاتار پانچ وکٹوں میں نیوزی لینڈ کے اوپنر جیت راول اور فاسٹ بولر کرسٹین کلارک بھی شامل تھے۔
اس سے قبل پانچ گیندوں پر پانچ وکٹوں کا ریکارڈ پروفیشنل ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں آئرلینڈ کے کرٹس کیمفر نے قائم کیا تھا۔















