لبنان میں اسرائیلی حملوں میں 123 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں اور ہزاروں افراد نقل مکانی کر چکے ہیں۔
بیروت: (رائیٹ ناوٴ نیوز) لبنان میں اسرائیلی فضائی حملوں میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 123 ہو گئی ہے جبکہ 683 افراد زخمی ہیں۔ لبنانی وزارتِ صحت کے مطابق اسرائیلی حملوں سے متاثرہ علاقوں میں بیروت کے جنوبی مضافات اور جنوبی لبنان کے کئی قصبے شامل ہیں۔
اسرائیلی فضائیہ نے جنوبی علاقوں کے علاوہ مشرقی لبنان کے شہر دورس کو بھی نشانہ بنایا۔ اسرائیلی فوج کے دعوے کے مطابق ان حملوں میں حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔
حزب اللہ نے اسرائیلی شہریوں کو شمالی سرحد کے قریب علاقوں کو خالی کرنے کی وارننگ دی ہے اور بتایا کہ اس کے جنگجوؤں نے اسرائیلی افواج کو نشانہ بنایا ہے۔
ان حملوں کے باعث ہزاروں افراد نقل مکانی کر چکے ہیں اور بیروت کے جنوبی مضافات کے شہری محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہو رہے ہیں۔
کئی متاثرہ خاندان ساحلوں اور عارضی پناہ گاہوں میں رہنے پر مجبور ہیں جبکہ انسانی بحران تیزی سے بڑھ رہا ہے۔














