عراقی ساحل کے قریب بارودی کشتی تیل بردار جہاز سے ٹکرا گئی، دھماکے سے جہاز کو نقصان پہنچا جبکہ عملہ محفوظ رہا۔
بغداد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) خلیج کے پانیوں میں ایک سنگین واقعے میں بارودی مواد سے بھری ایک چھوٹی کشتی عراقی ساحل کے قریب لنگر انداز تیل بردار جہاز سے ٹکرا گئی۔ یہ واقعہ عراقی سمندری حدود میں پیش آیا، جہاں بہاماس کے جھنڈے والا خام تیل بردار ٹینکر سونانگول نامیبی لنگر انداز تھا۔
ذرائع کے مطابق، ٹینکر کو نشانہ بنانے کے لیے دھماکہ خیز مواد سے بھری ریموٹ کنٹرول کشتی استعمال کی گئی۔ کشتی تیز رفتاری سے ٹینکر کی جانب بڑھی اور ٹکرانے کے فوراً بعد زور دار دھماکے سے پھٹ گئی۔
دھماکے کے نتیجے میں جہاز کے ایک حصے کو نقصان پہنچا جبکہ عملے کے ارکان محفوظ رہے۔ تاہم، ابھی تک یہ واضح نہیں کہ بارود بھری کشتی کس مقصد کے لیے ٹینکر سے ٹکرائی گئی اور کس نے یہ حملہ کیا۔
بحری سکیورٹی ذرائع نے کہا ہے کہ واقعے کے بعد علاقے میں نگرانی بڑھا دی گئی ہے اور تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔














