پاک فوج نے 50 مقامات پر طالبان اور خارجی ٹھکانے تباہ کیے، چمن سیکٹر میں کارروائی کے دوران ایک دہشتگرد ہلاک جبکہ 3 زخمی گرفتار ہوئے ہیں۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاک فوج کی موثرکارروائیاں جاری ہیں، جن میں 50 مقامات پر افغان طالبان اور دیگر گروہوں کے ٹھکانے تباہ کیے گئے ہیں۔
پاک فوج نے پکتیکا میں افغان پوسٹ پر پاکستانی پرچم لہرا دیا ہے اور متعدد خارجی ہلاک ہوچکے ہیں۔ 3 اور 4 مارچ کی درمیانی شب قلعہ سیف اللہ، چمن، سمبازہ، گھڈوانہ، جانی اور غزنالی سیکٹرز میں کارروائیاں کی گئیں۔ چمن سیکٹر میں ایک افغان طالبان دہشتگرد ہلاک اور 3 کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا، جن سے تفتیش جاری ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق ان مقامات کو سرحد پار سے دہشت گردی کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔ کارروائیوں کے دوران افغان طالبان، فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچا ہے۔
آپریشن غضب للحق کے تحت پاک فوج نے جلال آباد میں ایمونیشن ڈپو اور ڈرونز اسٹوریج کو تباہ کردیا۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج ملکی خود مختاری اور شہریوں کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں اور کارروائیاں اہداف کے حصول تک جاری رہیں گی۔















