امریکی سینیٹر الزبتھ وارن نے ایران کے خلاف جنگ کو غیر قانونی اور جھوٹ پر مبنی قرار دیا ہے جبکہ سینیٹر چک شومر نے حکمت عملی کی عدم موجودگی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
واشنگٹن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امریکی سینیٹر الزبتھ وارن نے ایران کے خلاف جنگ پر ٹرمپ انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ یہ جنگ غیر قانونی ہے اور جھوٹ پر مبنی ہے۔
سینیٹ میں اقلیتی لیڈر چک شومر نے انٹیلی جنس کمیٹی کی بریفنگ کے بعد تشویش کا اظہار کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کے جنگی جواز بار بار تبدیل ہو رہے ہیں، جس سے واضح ہوتا ہے کہ کوئی مستحکم حکمت عملی موجود نہیں۔
سینیٹر وارن نے کہا ہے کہ کلاسیفائیڈ بریفنگ کے بعد وہ اس نتیجے پر پہنچی ہیں کہ ٹرمپ انتظامیہ کے پاس ایران سے متعلق کوئی واضح منصوبہ نہیں ہے، اور یہ مسئلہ ان کی توقع سے زیادہ سنگین ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے خلاف شروع کی گئی یہ جنگ جھوٹ پر مبنی ہے اور وہ اس جنگ کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدام کریں گی۔
دوسری جانب، ڈیموکریٹک سینیٹر رچرڈ بلومینتھل نے امکان ظاہر کیا ہے کہ امریکا ایران میں اپنی زمینی فوج بھیجنے والا ہے۔













